0:00
0:00

باب 30

اَے خُداوند! مَیں تیری تمجید کرونگا کیونکہ تُو نے مجھے سرفراز کیا ہے۔ اور میرے دُشمنوں کو مجھ پر خُوش ہونے نہ دِیا۔
2 اَے خُداوند میرے خُدا! مَیں نے تجھ سے فریاد کی اور تُو نے مجھے شفا بخشی۔
3 اَے خُداوند! تُو میری جان کو پاتال سے نکال لایا ہے۔ تُو نے مجھے زندہ رکھا ہے کہ گور میں نہ جاؤں۔
4 خُدا کی ستائش کرو اَے اُس کے مُقدسو! اور اُس کے قُدس کو یاد کرکے شُکر گذاری کرو۔
5 کیونکہ اُس کا قہر دم بھر کا ہے۔ اُس کا کرم عُمر بھر کا۔ رات کو شاید رونا پڑے پر صُبح کو خُوشی کی نوبت آتی ہے۔
6 مَیں نے اپنی اقبال مندی کے وقت یہ کہا تھا کہ مجھے کبھی جنبش نہ ہوگی۔
7 اَے خُداوند! تُو نے اپنے کرم سے میرے پہاڑ کو قائم رکھا تھا۔ جب تُو نے اپنا چہرہ چھپایا تو مَیں گھبرا اُٹھا۔
8 اَے خُداوند! مَیں نے تجھ سے فریاد کی۔ مَیں نے خُداوند سے مَنت کی۔
9 جب مَیں گور میں جاؤں تو میری مَوت سے کیا فائدہ؟ کیا خاک تیری ستائش کریگی؟ کیا وہ تیری سچائی کو بیان کریگی؟
10 سُن لے اَے خُداوند! اور مجھ پر رحم کر۔ اَے خُداوند! تُو میرا مدد گار ہو۔
11 تُو نے میرے ماتم کو ناچ سے بدل دیا۔ تُو نے میرا ٹاٹ اُتار ڈالا اور مجھے خُوشی سے کمربستہ کیا۔
12 تاکہ میری رُوح تیری مدح سرائی کرے اور چُپ نہ رہے۔اَے خُداوند میرے خُدا! مَیں ہمیشہ تیرا شکر کرتا رہونگا۔