زبُور
باب 148
خُداوند کی حمد کرو۔ آسمان پر سے خُداوند کی حمد کرو۔ بُلندیوں پر اُسکی حمد کرو۔
2 اَے اُسکے فرِشتو! سب اُسکی حمد کرو۔ اَے اُسکے لشکرو! سب اُسکی حمد کرو۔
3 اَے سورج ! اَے چاند! اُسکی حمد کرو۔ اَے نُورانی ستِارو! سب اُسکی حمد کرو۔
4 اَے افلاک الاافلاک! اُسکی حمد کرو۔ اور تُو بھی اَے فضا پر کے پانی۔
5 یہ سب خُداوند کے نام کی حمد کریں۔کیونکہ اُس نے حُکم دیا اور یہ پیدا ہو گئے۔
6 اُس نے اِن کو ابدُالآباد کے لئے قائم کیا ہے۔ اُس نے اٹل قانون مقرر کیا ہے۔
7 زمین پر سے خُداوند کی حمد کرو۔ اَے اژدھاؤ اور سر گہرے سُمندرو!
8 اَے آگ اور اولو! اَے برف اور کُہر! اَے طوفانی ہوا! جو اُسکے کلام کی تعمیل کرتی ہے۔
9 اَے پہاڑو اور سب ٹیلو! اَے میوہ دار درختو اور سب دیودارو!
10 اَے جانورو اور سب چَوپایو!اَے رینگنے والو اور پرندو!
11 اَے زمین کے بادشاہو اور سب اُمتّو! اَے اُمرا اور زمین کے سب حاکمو!
12 اَے نوجوانو اور کنواریو! اَے بُڈّھواور بچو!
13 یہ سب خُداوند کے نام کی حمد کریں۔ کیونکہ صرف اُسی کا نام ممتاز ہے۔ اُسکا جلال زمین و آسمان سے بُلند ہے۔
14 اور اُس نے اپنے سب مُقدسوں یعنی اپنی مُقرب قوم بنی اِسرائؔیل کے فخر کے لئے اپنی قوم کا سینگ بلند کیا۔ خُداوند کی حمد کرو۔