زبُور
باب 143
اَے خُداوند! میری دُعا سُن۔ میری التجا پر کان لگا۔ اپنی وفاداری اور صداقت میں مجھے جواب دے۔
2 اور اپنے بندہ کو عدالت میں نہ لا۔ کیونکہ تیری نظر میں کوئی آدمی راستباز نہیں ٹھہرسکتا۔
3 اِسلئے کہ دُشمن نے میری جان کو ستایا ہے۔ اُس نے میری زندگی کو خاک میں ملا دیا۔ اور مجھے اندھیری جگہوں میں اُنکی مانند بسایا ہے جِنکو مرے مُدّت ہو گئی ہو۔
4 اِسی سبب سے مجھ میں میری جان نڈھال ہے۔ اور میرا دِل مجھ میں بیَکل ہے۔
5 میَں گُذشتہ زمانوں کو یاد کرتا ہوں۔ اور تیرے سب کاموں پر غور کرتا ہوں۔ اور تیری دستکاری پر دھیان کرتا ہوں۔
6 میَں اپنے ہاتھ تیری طرف پھیلاتا ہوں۔ میری جان خُشک زمین کی مانند تیری پیاسی ہے۔
7 اَے خُداوند! جلد مجھے جواب دے۔ میری روح گُداز ہو چلی۔ اپنا چہرہ مجھ سے نہ چھِپا۔ایسا نہ ہو کہ میَں قبر میں اُترنے والوں کی مانند ہو جاؤں۔
8 صُبح کو مجھے اپنی شفقت کی خبر دے۔ کیونکہ میرا توکل تجھ پر ہے۔ مجھے وہ راہ بتا جِس پر میَں چلوں۔ کیونکہ میَں اپنا دِل تیری ہی طرف لگاتا ہوں۔
9 اَے خُداوند! مجھے میرے دُشمنوں سے رہائی بخش کیونکہ میَں پناہ کے لئےتیرے پاس بھاگ آیا ہوں۔
10 مجھے سِکھا کہ تیری مرضی پر چلوں اِسلئے کہ تُو میرا خُدا ہے۔ تیری نیک روح مجھے راستی کے مُلک میں لے چلے۔
11 اَے خُداوند! اپنے نام کی خاطر مجھے زندہ کر۔ اپنی صداقت میں میری جان کو مُصیبت سے نکال۔
12 اپنی شفقت سے میرے دُشمنوں کو کاٹ ڈال اور میری جان کے سب دُکھ دینے والوں کو ہلاک کر دے۔ کیونکہ میَں تیرا بندہ ہوں۔