استثنا

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26 27 28 29 30 31 32 33 34

0:00
0:00

باب 12

جب تک تُم دُنیا میں زندہ رہو تُم احتیاط کر کے اِن ہی آئین اور احکام پر اُس ملک میں عمل کرنا جسے خدوند تیرے باپ دادا کے خدا نے تُجھ کو دیا ہے تاکہ تُو اُس پر قبضہ کرے ۔
2 وہاں تُم ضرور اُن سب جگہوں و نیست و نابود کر دینا جہاں جہاں وہ قومیں جنکے تُم وارث ہو گے اونچے اونچے پہاڑوں پر اور ٹیلوں پر اور ہر ایک ہرے درخت کے نیچے اپنے دیوتاوں کی پوجا کرتی تھیں ۔
3 تُم اُنکے مذبحوں کو ڈھا دینا اور اُنکے ستونوں کو توڑ ڈالنا اور اُنکی یسیرتوں کو آگ لگا دینا اور اُنکے دیوتاوں کی کھُدی ہوئی مورتوں کو کاٹ کر گِرا دینا اور اُس جگہ سے اُنکے نام تک کو مٹا ڈالنا ۔
4 پر خداوند اپنے خدا سے ایسا نہ کرنا ۔
5 بلکہ جس جگہ کو خداوند تمہارا خدا تمہارے سب قبیلوں میں سے چُن لے تاکہ وہاں اپنا نام قائم کرے تُم اُسکے اُسی مسکن کے طالب ہو کر وہاں جایا کرنا ۔
6 اور وہیں تُم اپنی سوختنی قُربانیوں اور ذبیحوں اور دہ یکیوں اور اُٹھانےکی قُربانیوں اور اپنی منتوں کی چیزوں اور اپنی رضا کی قُربانیوں اور گائے بیلوں اور بھیڑ بکریوں کے پہلوٹھوں کو گذراننا ۔
7 اور وہیں خداوند اپنے خدا کے حضور کھانا اور اپنے گھرانوں سمیت اپنے ہاتھ کی کمائی کی خوشی بھی کرنا جس میں خداوند تیرے خدا نے تجھ کو برکت بخشی ہو ۔
8 اور جیسے ہم یہاں جو کام جسکو ٹھیک دکھائی دیتا ہے وہی کرتے ہیں ایسے تُم وہاں نہ کرنا ۔
9 کیونکہ تُم اب تک اُس آرام گاہ اور میراث کی جگہ تک جو خداوند تیرا خدا تجھ کو دیتا ہے نہیں پہنچے ہو ۔
10 لیکن جب تُم یردن پار جا کر اُس ملک میں جسکا مالک خداوند تمہارا خدا تُم کو بناتا ہے بس جاو اور وہ تمہارے سب دشمنوں کی طرف سے جو گردا گِرد ہیں تُُم کو راحت دے اور تُم امن سے رہنے لگو ۔
11 تو وہاں جس جگہ کو خداوند تمہارا خدا اپنے نام کے مسکن کے لیے چُن لے وہیں تُم یہ سب کچھ جسکا میں تُم کو حکم دیتا ہوں لے جایا کرنا یعنی اپنی سوختنی قُربانیاں اور اپنے ذبیحے اور اپنی دہ یکیاں اور اپنے ہاتھ کے اُٹھائے ہوئے ہدیے اور اپنی خاص نذر کی چیزیں جنکی منت تُم نے خداوند کے لیے مانی ہو ۔
12 اور وہیں تُم اور تمہارے بیٹے بیٹیاں اور تمہارے نوکر چاکر اور لونڈیاں اور وہ لاوی بھی جو تمہارے پھاٹکوں کے اندر رہتا ہو اور جسکا کوئی حصہ یا میراث تمہارے ساتھ نہیں سب کے سب ملکر خداوند اپنے خدا کے حضور خوشی منانا ۔
13 اور تُو خبردار رہنا تا ایسا نہ ہو کہ جس جگہ کو دیکھ لے وہیں اپنی سوختنی قُربانی چڑھائے ۔
14 بلکہ فقط اُسی جگہ جسے خداوند تیرے کسی قبیلہ میں چُن لے تُو اپنی سوختنی قُربانیاں گذراننا اور وہیں سب کچھ جسکا میں تُجھ کو حکم دیتا ہوں کرنا ۔
15 پر گوشت کو تُو اپنے سب پھاٹکوں کے اندر اپنے دل کی رغبت اور خداوند اپنے خدا کی دی ہوئی برکت کے موافق ذبح کر کے کھا سکے گا ۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی اُسے کھاسکیں گے جیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں ۔
16 لیکن تُم خون کو بالکل نہ کھانا بلکہ اُسے پانی کی طرح زمین پر انڈیل دینا۔
17 اور تُو اپنے پھاٹکوں کے اندر اپنے غلہ اور مَے اور تیل کی دہ یکیاں اور گائے بیلوں اور بھیڑ بکریوں کے پہلوٹھے اور اپنی منت مانی ہوئی چیزیں اور رضا کی قُربانیاں اور اپنے ہاتھ کی اُٹھائی ہوئی قُربانیاں کبھی نہ کھانا ۔
18 بلکہ تُو اور تیرے بیٹے بیٹیاں اور تیرے نوکر چاکر اور لونڈیاں اور وہ لاوی بھی جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہو اُن چیزوں کو خداوند اپنے خدا کے حضور اُس جگہ کھانا جسے خداوند تیرا خدا چُن لے اور تُو خداوند اپنے خدا کے حضور اپنے ہاتھ کی کمائی کی خوشی منانا ۔
19 اور خبردار جب تک تُو اپنے مُلک میں جیتا رہے لاویوں کو چھوڑ نہ دینا ۔
20 جب خداوند تیرا خدا اُس وعدہ کے مطابق جو اُس نے تجھ سے کیا ہے تیری سرحد کو بڑھائے اور تیرا جی گوشت کھانے کو کرے اور تُو کہنے لگے کہ میں تو گوشت کھانونگا تو تُو جیسا تیرا جی چاہے گوشت کھا سکتا ہے ۔
21 اور اگر وہ جگہ جسے خداوند تیرے خدا نے اپنے نام کو وہاں قائم کرنے کے لیے چُنا ہو تیرے مکان سے بہت دور ہو تو تُو اپنے گائے بیل اور بھیڑ بکری میں سے جنکو خداوند نے تجھ کو دیا ہے کسی کو ذبح کر لینا اور جیسا میں نے تجھ کو حکم دیا ہے تُو اُسکے گوشت کو اپنے دل کی رغبت کے مطابق اپنے پھاٹکوں کے اندر کھانا ۔
22 جیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں ویسے ہی تُو اُسے کھانا ۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی اُسے یکساں کھا سکیں گے ۔
23 فقط اِتنی احتیاط ضرور رکھنا کہ تُو خون کو نہ کھانا کیونکہ خون ہی تو جان ہے ۔ سو تُو گوشت کے ساتھ جان کو ہرگز نہ کھانا ۔
24 تُو اُسکو کھانا مت بلکہ اُسے پانی کی طرح زمین پر انڈیل دینا ۔
25 تُو اُسے نہ کھانا تاکہ تیرے اُس کام کے کرنے سے جو خداوند کی نظر میں ٹھیک ہے تیرا اور تیرے ساتھ تیری اولاد کو بھی بھلا ہو ۔
26 پر اپنی مُقدس اشیا کو جو تیرے پاس ہوں اور اپنی مَنتوں کی چیزوں کو اُسی جگہ لے جانا جسے خداوند چُن لے ۔
27 اور وہیں اپنی سوختنی قُربانیوں کا گوشت اور خون دونوں خداوند اپنے خدا کے مذبح پر چڑھانا اور خداوند تیرے خدا ہی کے مذبح پر تیرے ذبیحوں کا خون انڈیلا جائے مگر اُنکا گوشت تُو کھانا ۔
28 اِن سب باتوں کو جنکا میں تجھ کو حکم دیتا ہوں غور سے سُن لے تاکہ تیرے اُس کام کے کرنے سے جو خداوند تیرے خدا کی نظر میں اچھا اور ٹھیک ہے تیرا اور تیر ے بعد تیری اولاد کا بھلا ہو ۔
29 جب خداوند تیرا خدا تیرے سامنے سے اُن قوموں کو اُس جگہ جہاں تُو اُنکا وارث ہونے کو جا رہا ہے کاٹ ڈالے اور تُو اُنکا وارث ہو کر اُنکے مُلک میں بس جائے ۔
30 تو تُو خبردار رہنا تا ایسا نہ ہو کہ جب وہ تیرے آگے سے نابود ہو جائیں تو تُو اِس پھندے میں پھنس جائے کہ اُنکی پیروی کرے اور اُنکے دیوتاوں کے بارے میں یہ دریافت کرے کہ یہ قومیں کس طرح سے اپنے دیوتاوں کی پوجا کرتی ہیں ؟ میں بھی ویسا ہی کرونگا ۔
31 تُو خداوند اپنے خدا کے لیے ایسا نہ کرنا کیونکہ جن جن کاموں سے خداوند کو نفرت اور عداوت ہے وہ سب اُنہوں نے اپنے دیوتاوں کے لیے کئے ہیں بلکہ اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو بھی وہ اپنے دیوتاوں کے نام پر آگ میں ڈالکر جلا دیتے ہیں ۔
32 جس جس بات کا میں حکم کرتا ہوں تُم احتیاط کر کے اُس پر عمل کرنا اور تُو اُس میں نہ تو کچھ بڑھانا اور نہ اُس میں سے کچھ گھٹانا ۔