فلپیوں

1 2 3 4

0:00
0:00

باب 1

مسِیح یِسُوع کے بندوں پَولُس اور تِمُتھِیُس کی طرف سے فِلپّی کے سب مُقدّسوں کے نام جو مسِیح یِسُوع میں ہیں نِگہبانوں اور خادِموں سمیت۔
2 ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُوع مسِیح کی طرف سے تُمہیں فضل اور اِطمینان حاصِل ہوتا رہے۔
3 مَیں جب کبھی تُمہیں یاد کرتا ہُوں تو اپنے خُدا کا شُکر بجا لاتا ہُوں۔
4 اور ہر ایک دُعا میں جو تُمہارے لِئے کرتا ہُوں ہمیشہ خُوشی کے ساتھ تُم سب کے لِئے دَرخواست کرتا ہُوں۔
5 اِس لِئے کہ تُم اوّل روز سے لے کر آج تک خُوشخَبری کے پھَیلانے میں شرِیک رہے ہو۔
6 اور مُجھے اِس بات کا بھروسا ہے کہ جِس نے تُم میں نیک کام شُرُوع کِیا ہے وہ اُسے یِسُوع مسِیح کے دِن تک پُورا کر دے گا۔
7 چُنانچہ واجِب ہے کہ مَیں تُم سب کی بابت اَیسا ہی خیال کرُوں کِیُونکہ تُم میرے دِل میں رہتے ہو اور میری قَید اور خُوشخَبری کی جوابدہی اور ثبُوت میں تُم سب میرے ساتھ فضل میں شرِیک ہو۔
8 خُدا میرا گواہ ہے کہ مَیں مسِیح یِسُوع کی سی اُلفت کر کے تُم سب کا مُشتاق ہُوں۔
9 اور یہ دُعا کرتا ہُوں کہ تُمہاری محبّت عِلم اور ہر طرح کی تمِیز کے ساتھ اَور بھی زِیادہ ہوتی جائے۔
10 تاکہ عُمدہ عُمدہ باتوں کو پسند کر سکو اور مسِیح کے دِن تک صاف دِل رہو اور ٹھوکر نہ کھاؤ۔
11 اور راستبازی کی پھَل سے جو یِسُوع مسِیح کے سبب سے ہے بھرے رہو تاکہ خُدا کا جلال ظاہِر ہو اور اُس کی سِتایش کی جائے۔
12 اور اَے بھائِیو! مَیں چاہتا ہُوں تُم جان لو کہ جو مُجھ پر گُذرا وہ خُوشخَبری کی ترقّی ہی کا باعِث ہُؤا۔
13 یہاں تک کہ قَیصری سِپاہیوں کی ساری پلٹن اور باقی سب لوگوں میں مشہُور ہو گیا کہ مَیں مسِیح کے واسطے قَید ہُوں۔
14 اور جو خُداوند میں بھائِی ہیں اُن میں سے اکثر میرے قَید ہونے کے سبب سے دِلیر ہو کر بے خَوف خُدا کا کلام سُنانے کی زِیادہ جُرأت کرتے ہیں۔
15 بعض تو حسد اور جھگڑے کی وجہ سے مسِیح کی منادی کرتے ہیں اور بعض نیک نِیّتی سے۔
16 ایک تو محبّت کی وجہ سے یہ جان کر مسِیح کی منادی کرتے ہیں کہ مَیں خُوشخَبری کی جواب دِہی کے واسطے مُقرّر ہُوں۔
17 مگر دُوسرے تفرقہ کی وجہ سے نہ کہ صاف دِلی سے بلکہ اِس خیال سے کہ میری قَید میں میرے لِئے مُصِیبت پَیدا کریں۔
18 پَس کیا ہُؤا؟ صِرف یہ کہ ہر طرح سے مسِیح کی منادی ہوتی ہے خواہ بہانے سے ہو خواہ سَچّائی سے اور اِس سے مَیں خُوش ہُوں اور رہُوں گا بھی۔
19 کِیُونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تُمہاری دُعا اور یِسُوع مسِیح کے رُوح کے اِنعام سے اِس کا انجام میری نِجات ہو گا۔
20 چُنانچہ میری دِلی آرزُو اور اُمِید یہی ہے کہ مَیں کِسی بات پر شرمِندہ نہ ہُوں بلکہ میری کمال دِلیری کے باعِث جِس طرح مسِیح کی تعظیم میرے بَدَن کے سبب سے ہمیشہ ہوتی رہی ہے اُسی طرح اَب بھی ہو گی خواہ مَیں زِندہ رہُوں خواہ مرُوں۔
21 کِیُونکہ زِندہ رہنا میرے لِئے مسِیح ہے اور مرنا نفع۔
22 لیکِن اگر میرا جِسم میں زِندہ رہنا ہی میرے کام کے لِئے مُفید ہے تو مَیں نہِیں جانتا کہ کِسے پسند کرُوں۔
23 مَیں دونوں طرف پھَنسا ہُؤا ہُوں۔ میرا جی تو یہ چاہتا ہے کہ کُوچ کر کے مسِیح کے پاس جا رہُوں کِیُونکہ یہ بہُت ہی بہُتر ہے۔
24 مگر جِسم میں رہنا تُمہاری خاطِر زِیادہ ضرُوری ہے۔
25 اور چُونکہ مُجھے اِس کا یقِین ہے اِس لِئے مَیں جانتا ہُوں کہ زِندہ رہُوں گا بلکہ تُم سب کے ساتھ رہُوں گا تاکہ تُم اِیمان میں ترقّی کرو اور اُس میں خُوش رہو۔
26 اور جو تُمہیں مُجھ پر فخر ہے وہ میرے پھِر تُمہارے پاس آنے سے مسِیح یِسُوع میں زِیادہ ہو جائے۔
27 صِرف یہ کرو کہ تُمہارا چال چلن مسِیح کی خُوشخَبری کے مُوافِق رہے تاکہ خواہ مَیں آؤُں اور تُمہیں دیکھُوں خواہ نہ آؤُں تُمہارا حال سُنُوں کہ تُم ایک رُوح میں قائِم ہو اور اِنجِیل کے اِیمان کے لِئے ایک جان ہو کر جانفشانی کرتے ہو۔
28 اور کِسی بات میں مُخالِفوں سے دہشت نہِیں کھاتے یہ اُن کے لِئے ہلاکت کا صاف نِشان ہے لیکِن تُمہاری نِجات کا اور یہ خُدا کی طرف سے ہے۔
29 کِیُونکہ مسِیح کی خاطِر تُم پر یہ فضل ہُؤا کہ نہ فقط اُس پر اِیمان لاؤ بلکہ اُس کی خاطِر دُکھ بھی سہو۔
30 اور تُم اُسی طرح جانفشانی کرتے ہو جِس طرح مُجھے کرتے دیکھا تھا اور اَب بھی سُنتے ہو کہ مَیں وَیسی ہی کرتا ہُوں۔