قانون


  • اور جب وہ کفرنحُوم میں آئے تو نِیم مِثقال لینے والوں نے پطرس کے پاس آ کر کہا کیا تُمہارا اُستاد نِیم مِثقال نہِیں دیتا؟ اُس نے کہا ہاں دیتا ہے اور جب وہ گھر میں آیا تو یِسُوع نے اُس کے بولنے سے پہلے ہی کہا اَے شمعُون تُو کیا سَمَجھتا ہے؟ دُنیا کے بادشاہ کِن سے محصُول یا جِزیہ لیتے ہیں؟ اپنے بَیٹوں سے یا غیروں سے؟ جب اُس نے کہا غیروں سے تو یِسُوع نے اُس سے کہا پَس بَیٹے بری ہُوئے۔ لیکِن مبادا ہم اُن کے لِئے ٹھوکر کا باعِث ہوں تُو جھِیل پر جا کربنسی ڈال اور جو مَچھلی پہلے نِکلے اُسے لے اور جب تُو اُس کا مُنہ کھولے گا تو ایک مِثقال پائے گا۔ وہ لے
    متّی 17: 24-27
  • پَس ہمیں بتا۔ تُو کیا سَمَجھتا ہے؟ قیصر کو جِزیہ دینا روا ہے یا نہِیں؟ یِسُوع نے اُن کی شرارت جان کر کہا اَے رِیاکارو مُجھے کِیُوں آزماتے ہو؟ جِزیہ کا سِکّہ مُجھے دِکھاؤ۔ وہ ایک دِینار اُس کے پاس لائے۔ اُس نے اُن سے کہا یہ صُورت اور نام کِس کا ہے؟ اُنہوں نے اُس سے کہا قیصر کا۔ اِس پر اُس نے اُن سے کہا پَس جو قیصر کا ہے قیصر کو اور جو خُدا کا ہے خُدا کو ادا کرو
    متّی 22: 17-21
  • اور غَیرقَوموں میں اپنا چال چلن نیک رکھّو تاکہ جِن باتوں میں وہ تُمہیں بدکار جان کر تُمہاری بدگوئی کرتے ہیں تُمہارے نیک کاموں کو دیکھ کر اُنہی کے سبب سے مُلاحظہ کے دِن خُدا کی تمجِید کریں۔ خُداوند کی خاطِر اِنسان کے ہر ایک اِنتظام کے تابِع رہو۔ بادشاہ کے اِس لِئے کہ وہ سب سے بزُرُگ ہے۔ اور حاکِموں کے اِس لِئے کہ وہ بدکاروں کو سزا اور نیکوکاروں کی تعرِیف کے لِئے اُس کے بھیجے ہُوئے ہیں
    پطرس ۱ 2: 12-14
  • جب تک تُو اپنے مُدّعی کے ساتھ راہ میں ہے اُس سے جلدی صُلح کرلے۔ کہِیں اَیسا نہ ہوکہ مُدّعی تُجھے مُنصِف کے حوالہ کردے اور مُنصِف تُجھے سِپاہی کے حوالہ کردے اور تُو قَید خانہ میں ڈالا جائے۔ مَیں تُجھ سے سَچ کہتا ہُوں کہ جب تک تُو کوڑی کوڑی ادا نہ کردے گا وہاں سے ہرگِز نہ چھُوٹے گا
    متّی 5: 25-26
  • اور تُم میرے سبب سے حاکِموں اور بادشاہوں کے سامنے حاضِر کِئے جاؤ گے تاکہ اُن کے اور غَیر قَوموں کے لِئے گواہی ہو۔ لیکِن جب وہ تُم کو پکڑوائیں تو فِکر نہ کرنا کہ ہم کِس طرح کہیں اور کیا کہیں کِیُونکہ جو کُچھ کہنا ہوگا اُسی گھڑی تُم کو بتایا جائے گا
    متّی 10: 18, 19
  • آپس کی محبّت کے سِوا کِسی چِیز میں کِسی کے قرضدار نہ ہو کِیُونکہ جو دوُسرے سے محبّت رکھتا ہے اُس نے شَرِیعَت پر پُورا عمل کِیا
    رومیوں 13: 8
  • پَس پِیلاطُس نے اُس سے کہا تُو مُجھ سے بولتا نہِیں؟ کیا تُو نہِیں جانتا کہ مُجھے تُجھ کو چھوڑدینے کا بھی اِختیّار ہے اور مصلُوب کرنے کا بھی اِختیّار ہے؟۔ یِسُوع نے اُسے جواب دِیا کہ اگر تُجھے اُوپر سے نہ دِیا جاتا تو تیرا مُجھ پر کُچھ اِختیّار نہ ہوتا۔ اِس سبب سے جِس نے مُجھے تیرے حوالہ کِیا اُس کا گُناہ زیادہ ہے
    یُوحنّا 19: 10, 11
  • اُن دِنوں میں اَیسا ہُؤا کہ قَیصراَوگوُستُس کی طرف سے یہ حُکم جاری ہُؤا کہ ساری دُنیا کے لوگوں کے نام لِکھے جائیں۔ یہ پہلی اِسم نوِیسی سُوریہ کے حاکِم کورِنیُس کے عہد میں ہُوئی۔ اور سب لوگ نام لِکھوانے کے لِئے اپنے اپنے شہر کو گئے۔ پَس یُوسُف بھی گلِیل کے شہر ناصرۃ سے داؤد کے شہر بیت لحم کو گیا جو یہُودیہ میں ہے۔ اِس لِئے کہ وہ داؤد کے گھرانے اور اَولاد سے تھا۔ تاکہ اپنی منگیتر مریم کے ساتھ جو حامِلہ تھی نام لِکھوائے
    لُوقا 2: 1-5
  • دیکھ قومیں ڈول کی ایک بوند کی مانند ہیں اورترازو کی باریک گرد کی مانند گنی جاتی ہیں۔ دیکھ وہ جزیروں کو ایک ذٓرہ کی مانند اٹھا لیتا ہے۔ سب قومیں اسکی نظرمیں ہیچ ہیں بلکہ وہ اسکے نزدیک بطالت اور ناچیز سے بھی کمتر گنی جاتی ہیں
    أیسعیاہ 40: 15, 17
  • کِیُونکہ میرے لِئے ایک وسِیع اور کارآمد دروازہ کھُلا ہے اور مُخالِف بہُت سے ہیں
    کُرنتھِیوں ۱ 16: 9
  • ہر شَخص اعلٰے حکُومتوں کا تابِعدار رہے کِیُونکہ کوئی حکُومت اَیسی نہِیں جو خُدا کی طرف سے نہ ہو اور جو حکُومتیں مَوجود ہیں وہ خُدا کی طرف سے مُقرر ہیں۔ پَس جو کوئی حکُومت کا سامنا کرتا ہے وہ خُدا کا اِنتظار کا مُخالِف ہے اور جو مُخالِف ہیں وہ سزا پائیں گے۔ کِیُونکہ نیکوکار کو حاکمِوں سے خَوف نہِیں بلکہ بدکار کو ہے۔ پَس اگر حاکِم سے نِڈر رہنا چاہتا ہے تو نیکی کر۔ اُس کی طرف سے تیری تعرِیف ہوگی۔ کِیُونکہ وہ تیری بِہتری کے لِئے خُدا کا خادِم ہے لیکِن اگر تُو بدی کرے تو ڈر کِیُونکہ وہ تلوار بے فائِدہ لِئے ہُوئے نہِیں اور خُدا کا خادِم ہے کہ اُس کے غضب کے مُوافِق بدکار کو سزا دیتا ہے۔ پَس تابِعدار رہنا نہ صِرف غضب کے ڈر سے ضرُور ہے بلکہ دِل بھی یہی گواہی دیتا ہے۔ تُم اِسی لِئے خِراج بھی دیتے ہوکہ وہ خُدا کے خادِم ہیں اور اِس خاص کام میں ہمیشہ مشغُول رہتے ہیں۔ سب کا حق ادا کرو۔ جِس کو خِراج چاہئے خِراج دو۔ جِس کو محُصول چاہئے محُصول۔ جِس سے ڈرنا چاہئے اُس سے ڈرو۔ جِس کی عِزّت کرنا چاہئے اُس کی عِزّت کرو
    رومیوں 13: 1-7